بنٹوال،یکم نومبر ( ایس او نیوز) بنٹوال تعلقہ کے کلاڈکا میں 29 اکتوبر کو سڑک پر گھومتی ہوئی گائے کو ایک پِک اَپ ویان میں ٹھونس کر لے جانے کی کوشش کے دوران مقامی افراد نے ملزمین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ، مگر تعجب خیز بات یہ ہے کہ پولیس نے ان ملزمین پر ایف آئی آر داخل کیے بغیر ہی انہیں گھر چلے جانے کے لئے چھوڑ دیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہےکہ انہوں نے گائے چوری کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے نوین ، مادھو سدھاکر اور ایک دوسرے شخص کو پولیس کےحوالے کیا تھا۔ گائے کے مالک عمران نے پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کروائی تھی۔ مگر مقامی لوگوں کے مطابق ملزم نوین مقامی بجرنگی لیڈر ہے اوروہ آر ایس ایس لیڈر کلاڈکا پربھاکر کا بہت ہی قریبی ہے اس کے علاوہ راؤڈی شیٹر متھن کلاڈکا کا ساتھی ہے اس لئے پولیس نے ان ملزمین پر کوئی ایف آئی آر داخل نہیں کی ہے۔ عمران کی شکایت کے حوالے سے اس کے موبائل پر پولیس کی طرف سے بس یہ پیغام ملا ہے کہ اس کی شکایت بنٹوال پولیس اسٹیشن میں پینڈنگ ہے۔
مقامی عوام پوچھ رہے ہیں کہ گائے چوری کرنے کے اس معاملے میں ملزمین اگر مسلمان ہوتے ، تو تب بھی کیا پولیس انہیں اسی طرح بغیر کیس داخل کیے گھر چلے جانے کے لئے چھوڑ دیتی؟